3

بھارت: اتر پردیش میں ہریانوی گلوکار اور یوٹیوبر انکت بالیان فائرنگ سے قتل

نئی دہلی: بھارتی ریاست اتر پردیش کے علاقے کوتوالی میں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے معروف ہریانوی گلوکار اور یوٹیوبر انکت بالیان پر اندھا دھند فائرنگ کر کے انہیں قتل کر دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ بدھ کی شام اس وقت پیش آیا جب انکت بالیان ورزش کے بعد جم سے باہر نکل رہے تھے کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار حملہ آوروں نے ان پر 18 گولیاں چلائیں، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ پولیس نے مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں اور جائے وقوع کے اطراف نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کے ذریعے حملہ آوروں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

انکت بالیان کے یوٹیوب پر ساڑھے تین لاکھ سے زائد سبسکرائبرز تھے اور وہ ہریانوی موسیقی کی دنیا میں ایک نمایاں شناخت رکھتے تھے۔ اگرچہ بعض حلقوں کی جانب سے ان کے آئندہ پنچایتی انتخابات میں حصہ لینے کے باعث دشمنی کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں، تاہم پولیس کے مطابق قتل کے اصل محرکات تاحال سامنے نہیں آ سکے اور واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔