لاہور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ نئی نسل کو جدید علوم کے ساتھ اعلیٰ اخلاقی اقدار اور کردار سازی سے آراستہ کرنا وقت کا ناگزیر تقاضا ہے، کیونکہ تعلیم ہی قومی ترقی اور خوشحالی کی اصل ضامن ہے۔
ایکسپو سینٹر لاہور میں منہاج القرآن یونیورسٹی کے کانووکیشن 2026ء سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تعلیمی و فکری خدمات کو سراہا اور کہا کہ یہ ادارہ دینی علوم اور جدید سائنسی تحقیق کا بہترین امتزاج پیش کر رہا ہے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی اور منہاج القرآن کے تاریخی روابط کا ذکر کرتے ہوئے یاد دلایا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو خود تحریک منہاج القرآن کی تاحیات رکن تھیں اور اس فکری ہم آہنگی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی تھیں۔
فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا کہ جہالت، انتہا پسندی اور عدم برداشت کا خاتمہ صرف علم، شعور اور دلیل کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے فارغ التحصیل طلبہ اور پوزیشن ہولڈرز کو مبارکباد دیتے ہوئے زور دیا کہ وہ اپنے علم کو ملکی تعمیر و ترقی، قومی یکجہتی اور مثبت سماجی تبدیلی کے لیے استعمال کریں۔ تقریب کے اختتام پر گورنر نے گولڈ میڈلسٹ طلبہ میں اسناد اور انعامات تقسیم کیے، جبکہ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے انہیں یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔









