6

دوسری جنگ عظیم کی گمشدہ آبدوز کا ملبہ دہائیوں بعد دریافت

برطانیہ کے علاقے ڈیون کے ساحل سے تقریباً 20 میل دور انگلش چینل میں غوطہ خوروں نے دوسری جنگ عظیم کے دوران گم ہونے والی جرمن آبدوز کا ملبہ دریافت کرلیا۔

رپورٹس کے مطابق آئن ٹیلر اور اسکن ڈیپر ٹیم نے کچھ عرصہ قبل سمندر میں یہ ملبہ دریافت کیا تھا، تاہم اس وقت یہ واضح نہیں ہوسکا تھا کہ یہ آبدوز کا ملبہ ہے یا پہلی جنگ عظیم کے دور کا کوئی جنگی بحری جہاز۔

55 سالہ ڈوم روبنسن اور ان کی ٹیم نے ملبے کی شناخت کیلئے مزید تحقیق شروع کی۔ تاریخ دان ایلس نیسلے سے مشاورت کے بعد معلوم ہوا کہ یہ ملبہ جرمن آبدوز یو-672 کا ہے، جو دوسری جنگ عظیم کے دوران استعمال ہوتی تھی اور 1944 میں لاپتا ہوگئی تھی۔

تخمینے کے مطابق آبدوز تقریباً 82 سال سے سمندر کی تہہ میں موجود تھی اور اب جاکر اس کی درست شناخت ممکن ہوسکی ہے۔

ڈوم روبنسن نے بتایا کہ ایسی آبدوزیں دوسری جنگ عظیم کے دوران جنگی بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کیلئے استعمال کی جاتی تھیں جبکہ ان میں تقریباً 52 افراد کا عملہ موجود ہوتا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کو اس مقام پر آبدوز کا ملبہ ملنے کی توقع نہیں تھی اور یہ ان کی دوسری کوشش تھی۔ دریافت کے لمحے کو انہوں نے ٹیم کیلئے انتہائی اہم اور یادگار قرار دیا۔

غوطہ خوروں کی ٹیم سمندر میں گم ہونے والے تاریخی جہازوں اور دیگر ملبے کی تلاش کا کام کرتی ہے۔