پمز اسپتال کی انتظامیہ نے گنجائش سے زیادہ مریضوں کے باعث میٹرنٹی کے نئے کیسز لینے سے انکار کردیا۔
پمز اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر رانا عمران سکندر نے میٹرنٹی کے نئے کیسز نہ لینے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسپتال میں گنجائش سے زیادہ مریض رکھنا ممکن نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بچوں کی نرسری میں 15 بیڈ مکمل طور پر جل گئے ہیں، جبکہ نرسری میں پہلے 50 بیڈ موجود تھے اور اب صرف 35 بیڈ رہ گئے ہیں۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز کے مطابق موجودہ صورتحال کے باعث بچوں اور دیگر مریضوں کو اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ متعلقہ اسپتالوں کو اس حوالے سے خطوط بھیج دیے گئے ہیں جبکہ کچھ بچوں کو پولی کلینک منتقل کیا جاچکا ہے۔
پمز انتظامیہ کے مطابق نرسری میں بیڈز کی تعداد کم ہونے اور مریضوں کے دباؤ کے باعث نئے میٹرنٹی کیسز کو فی الحال داخل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔









