10

ایران نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ تہران انتہائی مثبت قرار دے دیا: اہم سفارتی کامیابیوں کا دعویٰ

ایران نے پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورۂ ایران کو انتہائی مثبت اور دونوں برادر ممالک کے مابین تعلقات کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے دفتر سے جاری کردہ باضابطہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس دورے کے دوران نمایاں سفارتی کامیابیاں حاصل ہوئیں، جن کے مثبت اثرات اور نتائج بہت جلد سامنے آنا شروع ہو جائیں گے۔ ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے بھی پاکستانی وفد کے ساتھ ملاقاتوں کو خوشگوار اور تعمیری قرار دیا۔

اس سے قبل پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے آگاہ کیا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور دیگر اعلیٰ ایرانی قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں۔ ان نشستوں میں ایران امریکا کشیدگی، مشرقِ وسطیٰ کی مجموعی صورتحال، آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر فعال رکھنے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تنازعات کو سفارت کاری و مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر تفصیلی غور کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایرانی اعلیٰ قیادت نے علاقائی کشیدگی میں کمی، ڈائیلاگ کے فروغ اور امن عمل میں سہولت کاری کے لیے پاکستان کے مخلصانہ، متوازن اور تعمیری کردار کی تعریف کی۔