پاکستان کے نامور پروفیشنل باکسر عثمان وزیر نے اپنی اگلی انٹرنیشنل فائٹ کا اعلان کردیا، وہ 26 ستمبر کو تھائی لینڈ میں انڈونیشیا کے باکسر ایری آگسٹن کے خلاف رنگ میں اتریں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عثمان وزیر نے بتایا کہ وہ اب تک 18 فائٹس جیت چکے ہیں اور 19ویں انٹرنیشنل فائٹ میں بھی کامیابی حاصل کرکے اپنے ریکارڈ کو مزید بہتر بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
عثمان وزیر کا کہنا تھا کہ وہ دنیا کے بہترین باکسرز کو شکست دے کر پاکستان کا نام روشن کرنا چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق پروفیشنل باکسنگ میں کامیابی کے لیے اسپانسر شپ انتہائی اہم ہے، تاہم انہیں اپنے کیریئر میں کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
باکسر نے بتایا کہ انہیں کور کمانڈر پشاور اور گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ کی جانب سے مالی معاونت بھی فراہم کی گئی ہے، جبکہ مستقبل کی فائٹس میں بھی تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
عثمان وزیر نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے ورلڈ یوتھ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں اور اب پروفیشنل باکسنگ میں مزید کامیابیاں حاصل کرکے ملک کا نام عالمی سطح پر بلند کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر باکسنگ فیڈریشن اپنا کردار بہتر انداز میں ادا کرے تو وہ اولمپکس میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جبکہ مستقبل میں ابھرتے ہوئے پاکستانی باکسرز کی بھرپور حوصلہ افزائی بھی کریں گے۔









