3

حج 2027 کے عازمین کیلئے نئی ادائیگی پابندی نافذ کردی گئی

حج 2027 کیلئے درخواستیں جمع کرانے والے عازمین کیلئے حکومت نے اہم ہدایات جاری کردی ہیں، جن کے تحت نجی حج اسکیم کے عازمین کو کسی بھی نجی حج آپریٹر یا غیر مجاز ایجنٹ کو براہِ راست رقم ادا کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ذرائع کے مطابق پرائیویٹ حج اسکیم 2027 کی بکنگ کا باقاعدہ آغاز ہوچکا ہے۔ پہلی بار بکنگ، حج پیکیج کا انتخاب اور تمام ادائیگیاں وزارت مذہبی امور کی نگرانی میں پاک حج ایپ اور حج پورٹل کے ذریعے کی جائیں گی۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق عازمین حج نجی حج کمپنی کا انتخاب بھی صرف پاک حج ایپ یا سرکاری حج پورٹل کے ذریعے کریں گے۔ کسی غیر مجاز ایجنٹ یا فرد کو براہِ راست رقم ادا کرنے کی صورت میں مکمل ذمہ داری درخواست گزار پر عائد ہوگی۔

حکام نے عازمین کو خبردار کیا ہے کہ حج بکنگ کے نام پر کسی غیر مصدقہ فرد یا کمپنی کو ادائیگی نہ کی جائے اور سرکاری پلیٹ فارم کے ذریعے ہی تمام مراحل مکمل کیے جائیں۔

پرائیویٹ حج اسکیم 2027 کے تحت 71 ہزار 696 عازمین حج فریضہ ادا کریں گے، جبکہ اب تک ایک لاکھ 5 ہزار سے زائد افراد پاک حج ایپ پر رجسٹریشن کراچکے ہیں۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق اس وقت 25 مجاز نجی حج کمپنیاں وزارت کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں اور انہی کمپنیوں کے حج پیکیجز سرکاری حج پورٹل اور پاک حج ایپ پر دستیاب ہوں گے۔

حکام نے عازمین پر زور دیا ہے کہ بکنگ سے قبل کمپنی کی سرکاری منظوری ضرور چیک کریں تاکہ کسی بھی قسم کے مالی نقصان یا فراڈ سے محفوظ رہا جاسکے۔