4

چین میں 5 سالہ بچی نے کھیلتے ہوئے 50 گرام سونے کی ڈلی نگل لی

چین کے شمالی علاقے میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جہاں 5 سالہ بچی نے کھیلتے ہوئے غلطی سے 50 گرام وزنی سونے کی ڈلی نگل لی، جس کے بعد اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔

بیجنگ چلڈرنز ہسپتال کے مطابق بچی کو واقعے کے تقریباً 6 گھنٹے بعد ہسپتال لایا گیا۔ ایکسرے کے ذریعے تصدیق ہوئی کہ سونے کی ڈلی بچی کے معدے میں موجود ہے۔

ڈاکٹروں کے مطابق سونے کا بار سخت اور وزنی ہونے کے ساتھ ہموار سطح کا حامل تھا، جس کے باعث نظامِ ہاضمہ میں پھنسنے اور معدے کی اندرونی جھلی کو نقصان پہنچنے کا خدشہ تھا۔ ایسی صورتحال میں معدے میں سوراخ اور شدید خون بہنے جیسی پیچیدگیاں پیدا ہوسکتی تھیں۔

رپورٹ کے مطابق اہل خانہ بچی کو ہسپتال لانے سے قبل کئی کلینکس میں لے گئے، تاہم وہاں فوری اینڈوسکوپی کی سہولت دستیاب نہیں تھی۔

ہسپتال پہنچنے پر طبی ٹیم نے اینڈوسکوپی کے ذریعے سونے کی ڈلی نکالنے کا فیصلہ کیا۔ ڈاکٹروں نے انتہائی احتیاط سے اسنیر کی مدد سے سونے کے بار کو پکڑا اور چند ہی منٹ میں اسے مکمل حالت میں معدے سے بحفاظت نکال لیا۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق بچی کی حالت اب بہتر ہے اور اس کی تمام اہم جسمانی علامات مستحکم ہیں۔