محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کردی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، کشمیر، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش اور تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔
تازہ فلڈ بلیٹن کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، میانوالی، خوشاب، نارووال، سیالکوٹ، سرگودھا اور بھکر میں بارش کی توقع ہے۔
خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بنوں، ڈی آئی خان، ہنگو، کرک، خیبر، کوہاٹ، کرم، لکی مروت، نوشہرہ، اورکزئی، پشاور، وزیرستان اور ٹانک سمیت دیگر علاقوں میں بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے ایبٹ آباد، باجوڑ، بٹگرام، بونیر، چارسدہ، دیر، ملاکنڈ، مانسہرہ، مردان، سوات، صوابی اور تورغر میں بھی کہیں کہیں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
پنجاب میں لاہور، فیصل آباد، قصور، لیہ، ننکانہ صاحب، شیخوپورہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور ڈیرہ غازی خان سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
بلوچستان کے بارکھان، لورالائی، ژوب، خضدار، قلات، کوہلو، موسیٰ خیل، سبی اور دیگر علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے، جبکہ گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی پنجاب، اسلام آباد، کشمیر اور خیبرپختونخوا میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ 24 اگست کے بعد بارشوں کے موجودہ سلسلے میں کمی آنے کا امکان ہے۔ شہریوں کو موسلادھار بارش کے دوران احتیاط برتنے جبکہ دریاؤں، ندی نالوں اور پہاڑی علاقوں میں رہنے والے افراد کو مزید محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔









