سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع دیر کے علاقے ڈوبندو میں مصدقہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ایک کامیاب اور موثر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان (فتنہ الخوارج) کے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں خوارج کی موجودگی کی ٹھوس معلومات ملنے پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (IBO) کیا۔ کارروائی کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں نے پہلے خوارج کو گھیرے میں لے کر گرفتار کرنے کی کوشش کی، جس کے بعد فائرنگ کے شدید تبادلے میں 3 خوارج ہلاک ہو گئے۔ فورسز نے جائے وقوعہ سے ہلاک دہشت گردوں کی لاشیں اور بھاری مقدار میں جدید اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا۔
دفاعی حکام کے مطابق یہ آپریشن دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں چھپے عسکریت پسندوں کے نیٹ ورکس کو توڑنے اور خطے کے امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے فورسز کے غیر متزلزل عزم کا عکاس ہے۔ خیبر پختونخوا کے حساس علاقوں میں دہشت گردی کے خطرات کو جڑ سے اکھاڑنے اور مقامی آبادی کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز بدستور الرٹ ہیں اور انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیاں جاری ہیں۔









