2

ارجن رامپال نے دیرینہ ساتھی گیبریلا سے شادی کرلی

بالی ووڈ اداکار ارجن رامپال نے اپنی دیرینہ ساتھی گیبریلا ڈیمیٹریڈس کے ساتھ شادی کی قانونی کارروائی مکمل کرلی، جس کے بعد دونوں باضابطہ طور پر میاں بیوی بن گئے۔

رپورٹس کے مطابق ارجن رامپال اور گیبریلا ڈیمیٹریڈس نے گوا میں اپنی شادی رجسٹرڈ کرائی، جس کے بعد ان کے رشتے کو قانونی حیثیت حاصل ہوگئی۔

دونوں 2018 سے ایک دوسرے کے ساتھ ہیں اور کئی برس سے جاری رفاقت کے دوران اپنے خاندان کو بھی وسعت دے چکے ہیں۔ جوڑے کے دو بیٹے ہیں۔

ارجن اور گیبریلا کے بڑے بیٹے ارک کی پیدائش 2019 میں ہوئی، جبکہ دوسرے بیٹے آراو نے 2023 میں دنیا میں قدم رکھا۔

ارجن رامپال اس سے قبل گیبریلا کے ساتھ اپنی منگنی کی تصدیق بھی کرچکے تھے، تاہم شادی کی قانونی کارروائی مکمل ہونے کی خبر اچانک سامنے آنے پر ان کے مداح حیران رہ گئے۔

گیبریلا ڈیمیٹریڈس کا تعلق جنوبی افریقہ سے ہے۔ وہ ماڈلنگ کے ساتھ فیشن ڈیزائننگ کے شعبے سے بھی وابستہ ہیں اور مختلف مواقع پر اپنے تخلیقی کام اور خاندانی زندگی کے درمیان توازن کے بارے میں بات کرچکی ہیں۔

دونوں کو اکثر اپنے بچوں کے ہمراہ وقت گزارتے ہوئے دیکھا جاتا ہے، جس سے ان کی نجی اور خاندانی زندگی کی جھلک مداحوں کو ملتی رہتی ہے۔

ارجن رامپال کی جانب سے شادی کے حوالے سے مزید تفصیلات یا تقریب کی تصاویر سامنے آنے کا مداحوں کو انتظار ہے۔