انگلینڈ نے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو اننگز اور 103 رنز سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔
ٹیسٹ کے تیسرے روز انگلینڈ کی ٹیم 409 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ ہیری بروک 91 جبکہ جارڈن کاکس 73 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے علی عثمان نے 5 اور خرم شہزاد نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
انگلینڈ کو پہلی اننگز میں 238 رنز کی برتری حاصل ہوئی، جس کے بعد پاکستان نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو پاکستانی بیٹنگ لائن ایک بار پھر ناکام ہوگئی۔
امام الحق بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، اذان اویس 9، عبداللہ شفیق 15، سعود شکیل 14 اور کپتان سلمان علی آغا 4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
شان مسعود نے 29 جبکہ محمد رضوان نے 41 رنز بنائے، تاہم پوری پاکستانی ٹیم 38ویں اوور میں صرف 135 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
انگلینڈ کی جانب سے اولی رابنسن، جوفرا آرچر اور جوش ٹنگ نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں، جس کے بعد انگلینڈ نے پاکستان کو اننگز اور 103 رنز سے شکست دے دی۔
اس فتح کے ساتھ انگلینڈ نے تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی ہے۔ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 27 اگست سے لارڈز میں کھیلا جائے گا۔









