3

مہنگائی کی نئی لہر، 5 ضروری اشیاء کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں

ملک میں ہفتہ وار مہنگائی میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.49 فیصد اضافہ ہوا جبکہ سالانہ بنیاد پر مہنگائی 9.66 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری ہفتہ وار مہنگائی سے متعلق رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران پیاز کی قیمت میں 14.17 فیصد، پٹرول میں 3.77 فیصد جبکہ مرغی کے گوشت کی قیمت میں 3.35 فیصد اضافہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق لہسن کی قیمت میں 2 فیصد اور چنے کی دال میں 0.63 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب ہفتہ وار بنیاد پر انڈے 5.78 فیصد، ڈیزل 5.15 فیصد اور ٹماٹر 4.99 فیصد سستے ہوئے۔

اعداد و شمار کے مطابق ایک سال کے دوران پیاز کی قیمت میں 132.52 فیصد، ٹماٹر میں 93.21 فیصد، گندم کے آٹے میں 62.25 فیصد، ایل پی جی میں 51.69 فیصد جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 33.08 فیصد اضافہ ہوا۔

سالانہ بنیاد پر آلو کی قیمت میں 30.01 فیصد، چینی میں 19.10 فیصد، مرغی کے گوشت میں 17.68 فیصد جبکہ انڈوں کی قیمت میں 17.41 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر ضروری اشیائے خورونوش اور ایندھن کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث مہنگائی میں اضافے کا سلسلہ برقرار ہے۔