سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ چند روز کے دوران پولیس کے ہمراہ مختلف علاقوں میں انٹیلیجنس بیسڈ مشترکہ کارروائیوں کے دوران 49 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بلوچستان کے اضلاع مستونگ، مچھ، خضدار اور پنجگور میں 10 انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن میں 37 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران بڑی تعداد میں ہتھیار، دھماکا خیز مواد اور ریموٹ ڈیٹونیشن آلات برآمد کرکے تلف کردیئے گئے۔
ترجمان کے مطابق بنوں، شمالی وزیرستان، اورکزئی اور خیبر میں بھی متعدد انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جہاں 12 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ کارروائیوں کے دوران دھماکا خیز مواد، آئی ای ڈیز، ہتھیار، گولہ بارود اور موٹرسائیکلیں بھی برآمد کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں دہشتگرد گروہوں کے خلاف جاری بلاتعطل انسدادِ دہشت گردی مہم کا حصہ ہیں، جن کا مقصد ملک میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کو ناکام بنانا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز ملک کی سلامتی اور سرحدوں کے دفاع کے عزم پر قائم ہیں، جبکہ علاقے میں موجود دیگر دہشتگرد عناصر کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز بھی جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا ہے کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔









