2

روبرٹو کارلوس نے مسلمان ہونے کی خبروں کو مسترد کردیا

برازیل اور ریال میڈرڈ کے سابق اسٹار فٹبالر روبرٹو کارلوس نے اسلام قبول کرنے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی تردید کردی۔

روبرٹو کارلوس نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں واضح کیا کہ انہوں نے اسلام قبول نہیں کیا، تاہم وہ اسلام اور مسلم کمیونٹی سمیت تمام مذاہب اور عقائد رکھنے والے افراد کا بے حد احترام کرتے ہیں۔

سابق برازیلین فٹبالر کا کہنا تھا کہ حالیہ میڈیا رپورٹس کے بعد وہ یہ وضاحت کرنا ضروری سمجھتے ہیں کہ ان کے مسلمان ہونے کی خبریں درست نہیں ہیں۔

روبرٹو کارلوس نے بتایا کہ مراکشی فٹبال ایجنٹ سہیلہ الطاہری سے ان کی شادی میں دونوں خاندانوں کی مذہبی روایات کا احترام کیا گیا، جس کی وجہ سے مختلف نوعیت کی تقریبات منعقد کی گئیں۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ شادی کے بعد روبرٹو کارلوس نے ایک مذہبی شخصیت کی موجودگی میں کلمہ شہادت پڑھ کر اسلام قبول کرلیا ہے، تاہم سابق فٹبالر نے اس دعوے کو مسترد کردیا۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی اہلیہ سے ملاقات ایک فٹبال سے متعلق کاروباری نشست کے دوران ہوئی تھی اور دونوں تقریباً دو سال سے ایک دوسرے کے ساتھ ہیں۔

روبرٹو کارلوس برازیل کے ساتھ 2002 کا ورلڈ کپ جیت چکے ہیں جبکہ ریال میڈرڈ کے ساتھ انہوں نے تین چیمپئنز لیگ ٹائٹلز بھی حاصل کیے۔