پنجاب میں پتوکی، دیپالپور، حاصل پور اور ہارون آباد کو نئے اضلاع کا درجہ دینے سے متعلق سوشل میڈیا پر زیر گردش نوٹیفکیشن جعلی قرار دے دیا گیا۔
سوشل میڈیا پر محکمہ ریونیو پنجاب سے منسوب ایک مبینہ نوٹیفکیشن گردش کر رہا تھا، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ چار نئے اضلاع کے قیام کے بعد پنجاب میں اضلاع کی تعداد 41 سے بڑھ کر 45 ہوجائے گی اور فیصلے کا فوری اطلاق ہوگا۔
تاہم حکام نے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پنجاب میں کوئی نیا ضلع قائم نہیں کیا گیا۔
بورڈ آف ریونیو پنجاب کے ترجمان کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی دستاویز من گھڑت ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ نہ پنجاب حکومت اور نہ ہی بورڈ آف ریونیو کی جانب سے چار نئے اضلاع کے قیام سے متعلق ایسا کوئی نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔
حکام کے مطابق جعلی دستاویز میں پنجاب کے چیف سیکریٹری کا نام بھی غلط درج کیا گیا ہے۔ وائرل نوٹیفکیشن میں ظہیر عباس ملک کو چیف سیکریٹری پنجاب ظاہر کیا گیا، جبکہ موجودہ چیف سیکریٹری زاہد اختر زمان ہیں۔
پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری نے بھی سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے نوٹیفکیشن کو جعلی قرار دیتے ہوئے عوام کو گمراہ کن معلومات سے محتاط رہنے کی ہدایت کی۔
حکام نے واضح کیا کہ پتوکی، دیپالپور، حاصل پور اور ہارون آباد کو نئے اضلاع بنانے کا دعویٰ درست نہیں اور اس حوالے سے زیر گردش نوٹیفکیشن جعلی ہے۔









