اپوزیشن اتحاد نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت سے متعلق تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ عمران خان کی صحت کے معاملے پر ڈرامہ رچایا گیا، جبکہ سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عملدرآمد نہ ہونا توہینِ عدالت کے مترادف ہے۔
محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت اپوزیشن کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس ہوا، جس میں سینیٹر راجہ ناصر عباس، بیرسٹر گوہر، اسد قیصر، سہیل آفریدی اور سلمان اکرم راجا سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ شرکاء نے عمران خان کی صحت پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ ان کے علاج پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق اپوزیشن رہنماؤں نے مؤقف اختیار کیا کہ حکومت نے عمران خان کی صحت کے معاملے پر ڈرامہ رچایا، جبکہ سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عمل نہ ہونا توہینِ عدالت ہے۔
شرکاء نے 27 ستمبر کو بھرپور احتجاج اور لانگ مارچ کا فیصلہ برقرار رکھنے کا اعلان کیا۔ اجلاس میں احتجاج اور لانگ مارچ میں تمام اپوزیشن جماعتوں کو دعوت دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق اس مقصد کے لیے پنجاب سمیت ملک بھر میں عوامی رابطہ مہم تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے، جبکہ آئین، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔
اپوزیشن رہنماؤں نے تمام سیاسی اور پارلیمانی فیصلے باہمی مشاورت سے کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ گرینڈ اپوزیشن الائنس کی حمایت اور اسے مزید فعال بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اعلامیے میں جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور دیگر جماعتوں کی الائنس میں شمولیت کا خیرمقدم کیا گیا۔ شرکاء کے مطابق وسیع تر اتحاد سے پارلیمان میں اپوزیشن کی آواز مزید مضبوط ہوگی۔









