راولپنڈی/اسلام آباد (نمائندہ خصوصی): پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد میں طبی معائنے کے بعد انتہائی سخت سیکیورٹی حصار میں واپس اڈیالہ جیل منتقل کر کے ان کے سیل میں شفٹ کر دیا گیا ہے۔
جیل ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو گزشتہ نصف شب سخت حفاظتی انتظامات کے تحت ہسپتال لایا گیا تھا جہاں 6 رکنی ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے ان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق معائنے کے بعد انہیں باقاعدہ داخل کیے بغیر واپس جیل بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔
دوسری جانب، سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے جمعرات کی صبح بانی پی ٹی آئی کی ہسپتال منتقلی کے خلاف دائر نظرثانی درخواست اعتراضات لگا کر واپس کر دی، جبکہ وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے اپنے ایک بیان میں بانی پی ٹی آئی کو علاج کے لیے بیرونِ ملک بھیجے جانے کے امکان کی طرف بھی اشارہ کیا ہے۔









