2

پی ایچ ایف نے 2027 میں ہاکی لیگ شروع کرنے کا اعلان کردیا

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پاکستان ہاکی لیگ 2027 کی پہلی سہ ماہی میں شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

پی ایچ ایف کے مطابق لیگ کے انعقاد کے لیے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کیا جا رہا ہے اور کوشش ہے کہ اسے پاکستانی ہاکی کے لیے ایک اہم اور مؤثر ٹورنامنٹ بنایا جائے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان ہاکی میں نئے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے اور ان شاء اللہ 2027 کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان ہاکی لیگ ایکشن میں ہوگی۔

فیڈریشن کے مطابق لیگ ملک میں ہاکی کی بہتری کے وسیع منصوبے کا حصہ ہے، جس میں گراس روٹس سطح پر کھیل کا فروغ، نوجوان ٹیلنٹ کی تربیت، پروفیشنل کوچنگ، بہتر کھیلوں کے ڈھانچے کی تشکیل اور کھلاڑیوں کو مزید بین الاقوامی تجربہ فراہم کرنا شامل ہے۔

پی ایچ ایف کے مطابق پاکستان ہاکی لیگ کے منصوبے پر 2016 سے کام جاری تھا، تاہم اجازت ناموں، شیڈول اور مالی مشکلات سمیت مختلف مسائل کے باعث سابقہ منصوبے عملی شکل اختیار نہیں کرسکے۔

2022 میں بھی لیگ کے انعقاد کا منصوبہ دوبارہ سامنے آیا تھا اور ستمبر میں ٹورنامنٹ منعقد کرنے کی اطلاعات تھیں، جبکہ لاہور میں لیگ کا دفتر قائم کرنے اور انتظامی امور کے لیے تقرریوں کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں، تاہم اس وقت بھی لیگ کا انعقاد ممکن نہیں ہوسکا۔

اب پاکستان ہاکی فیڈریشن نے منصوبے کو دوبارہ بحال کرتے ہوئے 2027 کی پہلی سہ ماہی میں لیگ شروع کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

فیڈریشن کا کہنا ہے کہ پاکستان ہاکی لیگ کے ذریعے مقامی کھلاڑیوں کو زیادہ مواقع، نوجوان ٹیلنٹ کو آگے آنے کا پلیٹ فارم اور ملک میں پروفیشنل ہاکی کے فروغ میں مدد ملے گی۔