4

بانی پی ٹی آئی کی ممکنہ منتقلی، آئی جی اسلام آباد شفا انٹرنیشنل اسپتال پہنچ گئے

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقلی کے معاملے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، آئی جی اسلام آباد شفا انٹرنیشنل اسپتال پہنچ گئے، جس کے بعد سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کردیئے گئے۔

اطلاعات کے مطابق آئی جی اسلام آباد نے شفا انٹرنیشنل اسپتال پہنچ کر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا، جبکہ اسپتال کے اطراف سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس کے اہلکار بھی اسپتال پہنچ گئے ہیں اور شفا انٹرنیشنل کے باہر سیکیورٹی کلیئرنس کا عمل جاری ہے۔ سڑک پر کھڑی گاڑیوں کو لفٹرز کے ذریعے فٹ پاتھ پر منتقل کیا گیا۔

آئی جی اسلام آباد کے ہمراہ ڈی آئی جی سی ٹی او سمیت دیگر پولیس افسران بھی موجود ہیں، جبکہ شفا انٹرنیشنل اسپتال سے ملحقہ سڑک کو بند کرنے کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔

یہ اقدامات بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ممکنہ اسپتال منتقلی کے پیش نظر کیے جا رہے ہیں، تاہم اسپتال منتقلی کے حتمی وقت سے متعلق سرکاری طور پر واضح اعلان سامنے نہیں آیا۔

واضح رہے کہ عمران خان کی شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقلی کے معاملے پر سیاسی اور قانونی سطح پر بھی پیش رفت جاری ہے۔