3

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول پر الیکشن کمیشن اور صوبائی حکومت میں اہم پیش رفت

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے پیش کردہ تجاویز اور ونڈو پر اتفاق کا اظہار کرتے ہوئے تیاریوں کو حتمی شکل دینے پر مشاورت کی ہے۔

چیف الیکشن کمشنر کی زیرِ صدارت ہونے والے مشاورتی اجلاس میں پنجاب حکومت کے وفد نے بریفنگ دی، جس میں صوبائی وزیرِ بلدیات ذیشان رفیق اور چیف سیکریٹری پنجاب شریک ہوئے۔ صوبائی وزیر بلدیات نے واضح کیا کہ پنجاب میں حلقہ بندیوں کا کام مکمل ہو چکا ہے اور حکومت انتخابات کرانے کے لیے تیار ہے۔ پنجاب کابینہ کمیٹی کی جانب سے وسائل کی فراہمی، سیکیورٹی انتظامات، موسمی حالات (دھند) اور امتحانی شیڈول کے تناظر میں مرحلہ وار انتخابات کرانے کی تجویز دی گئی۔

چیف الیکشن کمشنر نے واضح کیا کہ آئین اور الیکشن ایکٹ کے تحت مقررہ مدت کے اندر بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ایک لازمی آئینی تقاضا ہے۔ انہوں نے صوبائی حکومت کی جانب سے پیش کردہ انتظامی تجاویز کو مناسب قرار دیتے ہوئے آئینی ذمہ داری کی بروقت تکمیل پر زور دیا۔