انگلینڈ کے اسٹار فٹبالر ہیری کین نے اپنے کیریئر میں دوسری مرتبہ یورپی گولڈن شو جیت لیا۔
ہیری کین کو یہ اعزاز بائرن میونخ میوزیم میں منعقدہ تقریب کے دوران دیا گیا۔ انہوں نے گزشتہ سیزن جرمن بنڈس لیگا میں 36 گول اسکور کرکے یورپی گولڈن شو اپنے نام کیا۔
مانچسٹر سٹی کے نارویجن اسٹرائیکر ایرلنگ ہالینڈ 27 گول کے ساتھ دوسرے جبکہ ریال میڈرڈ کے فرانسیسی فارورڈ کیلیان ایمباپے 25 گول کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔
ہیری کین نے اس سے قبل بائرن میونخ کے ساتھ اپنے پہلے ہی سیزن 2023-24 میں بھی 36 گول کرکے یورپی گولڈن شو جیتا تھا۔
اعزاز حاصل کرنے کے بعد ہیری کین نے کہا کہ دوسری مرتبہ گولڈن شو جیتنا ان کے لیے پہلے اعزاز سے بھی زیادہ اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ ٹیم نے گزشتہ سیزن میں تین ٹائٹلز جیتے اور اسی وجہ سے یہ کامیابی مزید خاص ہوگئی۔
ہیری کین نے کہا کہ اپنے کیریئر میں دوسری مرتبہ یورپی گولڈن شو جیتنے پر انہیں بہت فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اعزاز شاندار ساتھی کھلاڑیوں، کوچز اور خاندان کی حمایت کے بغیر ممکن نہیں تھا۔
ہیری کین کی یہ کامیابی یورپی فٹبال میں ان کی مسلسل شاندار گول اسکورنگ کا ایک اور اہم سنگِ میل قرار دی جارہی ہے۔









