4

دبئی: 29 سالہ خاتون کا چھوٹے سے اسٹکی نوٹ پر 150 الفاظ لکھ کر گینیز ورلڈ ریکارڈ

دبئی: متحدہ عرب امارات میں مقیم 29 سالہ خاتون پشپاجوتھی روی کمار نے ایک چھوٹے سے اسٹکی نوٹ پر ہاتھ سے 150 مختلف الفاظ تحریر کر کے نیا گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

پشپاجوتھی نے اپنی غیر معمولی باریک بینی اور محتاط خطاطی کی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک اسٹکی نوٹ پر سب سے زیادہ الفاظ لکھنے کا عالمی اعزاز اپنے نام کیا۔ ریکارڈ ساز خاتون کا کہنا ہے کہ وہ بچپن سے ہی گینیز ورلڈ ریکارڈز کی مداح رہی ہیں اور ہمیشہ اس تاریخی فہرست کا حصہ بننے کا خواب دیکھتی تھیں، جس کی تکمیل کے لیے انہوں نے باقاعدہ درخواست دی۔

اس چیلنج کا سب سے مشکل مرحلہ محدود جگہ پر تمام الفاظ کو نہ صرف سمیٹنا تھا بلکہ ان کی واضح پڑھائی اور درستگی کو برقرار رکھنا بھی لازمی شرط تھی۔ خاتون نے اپنی تخلیقی صلاحیت اور باریک تحریر کے ذریعے اس چیلنج کو کامیابی سے مکمل کر کے اپنا نام باضابطہ طور پر عالمی ریکارڈ کی کتاب میں درج کرا لیا۔