11

عمران خان سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد ہوگا، طارق فضل چوہدری

وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق دیے گئے فیصلے پر عمل کیا جائے گا۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ میں دائر نظرثانی درخواست کا مقصد عدالتی فیصلے کی وضاحت طلب کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو اسیری کے دوران جن اسپتالوں میں منتقل کیا گیا وہ سرکاری اسپتال تھے، جبکہ انہیں بیرون ملک بھیجنے کا فیصلہ حکومت نے کیا تھا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اگر موجودہ قوانین کے تحت عمران خان کا علاج سرکاری اسپتال میں ممکن نہیں تو حکومت انہیں شفا انٹرنیشنل اسپتال بھی بھیج سکتی ہے اور ضرورت پڑنے پر بیرون ملک بھی منتقل کیا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر شاہد خٹک نے اسپتال کے باہر ویڈیوز بنانے والے افراد سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں تحریک انصاف کا کارکن قرار نہیں دیا جاسکتا۔

شاہد خٹک نے کہا کہ عدالت کو آگاہ کیا گیا ہے کہ تحریک انصاف کا کوئی کارکن اسپتال کی حدود میں داخل نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پارٹی کی اولین ترجیح عمران خان کی صحت اور ان کا مناسب علاج ہے۔