محکمہ موسمیات نے 20 اگست کو ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مزید بارش، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 19 سے 21 اگست کے دوران بالائی اور وسطی علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ 20 اگست کو بالائی خیبرپختونخوا، اسلام آباد، پوٹھوہار ریجن اور شمال مشرقی پنجاب میں بعض مقامات پر موسلا دھار بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارش کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، مردان، صوابی، پشاور، نوشہرہ، گوجرانوالہ، گجرات اور سیالکوٹ کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کا خدشہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد اور کشمیر میں وسیع پیمانے پر بارش اور گرج چمک متوقع ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے ایبٹ آباد، باجوڑ، بٹگرام، بونیر، ہری پور، دیر، ملاکنڈ، مانسہرہ، مردان، شانگلہ، صوابی، سوات اور طورغر میں بھی بارش کا امکان ہے۔
پنجاب میں گوجرانوالہ، گجرات، جہلم، لاہور، نارووال، راولپنڈی، شیخوپورہ اور سیالکوٹ سمیت مختلف علاقوں میں بارش اور گرج چمک کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اٹک، چکوال، فیصل آباد، حافظ آباد، قصور، خوشاب، منڈی بہاؤالدین، ننکانہ صاحب اور سرگودھا میں بھی کہیں کہیں بارش ہوسکتی ہے۔
گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں بھی بارش اور گرج چمک متوقع ہے۔
دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران دریائے جہلم، چناب، راوی اور ستلج کے بالائی کیچ منٹس میں وسیع پیمانے پر بارش متوقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق راوی اور چناب سمیت ان سے منسلک نالوں میں پانی کی سطح کم سے درمیانے درجے کے سیلاب تک پہنچ سکتی ہے، جبکہ ڈی جی خان کے پہاڑی ندی نالوں اور دریائے کابل کے معاون ندی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد اور گجرات میں شہری سیلاب کے خطرے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پوٹھوہار میں بھی شدید بارش کا امکان
محکمہ موسمیات کے مطابق پوٹھوہار ریجن میں 18 سے 20 اگست کے دوران شدید بارش متوقع ہے، جبکہ اس دوران درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو بارش کے دوران نشیبی علاقوں، ندی نالوں اور غیر ضروری سفر سے محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو ممکنہ شہری سیلاب اور فلیش فلڈنگ کے خطرے کے پیش نظر ضروری انتظامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ 20 اگست کے بعد بھی بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔









