6

بینک سے اقساط پر گاڑی خریدنے والوں کیلئے بڑی خوشخبری

بینک سے آسان اقساط پر گاڑی خریدنے کے خواہشمند افراد کے لیے بڑی خبر سامنے آگئی، پاکستان میں آٹو فنانسنگ پہلی بار تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

اسٹیٹ بینک پاکستان کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2026 میں آٹو فنانسنگ گزشتہ سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں 35.2 فیصد بڑھ گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2025 میں آٹو فنانسنگ کا حجم 286 ارب روپے تھا، جو جولائی 2026 میں بڑھ کر 386 ارب روپے ہوگیا۔

جون 2026 کے مقابلے میں بھی آٹو فنانسنگ میں ماہانہ بنیاد پر 1.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق آٹو فنانسنگ میں اضافے کی بڑی وجوہات میں بینکوں کی جانب سے قرضوں کی فراہمی میں اضافہ، آٹو لونز کی بڑھتی ہوئی طلب اور نجی شعبے کے قرضوں میں مجموعی اضافہ شامل ہیں۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق جولائی 2026 میں نجی شعبے کے قرضے 15 فیصد اضافے کے بعد 10.9 ٹریلین روپے تک پہنچ گئے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آٹو فنانسنگ میں ریکارڈ اضافہ آٹو انڈسٹری کے لیے مثبت اشارہ ہے، تاہم اسے گاڑیوں کی فروخت میں اسی تناسب سے اضافے کا براہِ راست ثبوت قرار نہیں دیا جاسکتا۔

آٹو فنانسنگ میں اضافے سے گاڑیوں کی خریداری کے لیے بینکنگ سہولت کے استعمال میں نمایاں اضافہ ظاہر ہوتا ہے، جبکہ مستقبل میں اس رجحان کے اثرات آٹو مارکیٹ پر بھی سامنے آنے کا امکان ہے۔