4

برازیلین لیجنڈ فٹبالر رابرٹو کارلوس کے قبولِ اسلام کا دعویٰ: ترک رکن پارلیمنٹ کا انکشاف

برازیل اور ریال میڈرڈ کے لیجنڈری سابق فٹبالر رابرٹو کارلوس کے دائرۂ اسلام میں داخل ہونے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔ یہ انکشاف ترکیہ کی حکمران جماعت کے رکنِ پارلیمنٹ علی شاہین نے برازیل کی مسلم کمیونٹی کے ایک اہم رہنما کے حوالے سے کیا ہے۔

ترک رکن پارلیمنٹ علی شاہین کے مطابق، برازیل کے شہر ساؤ پالو میں مسلم کمیونٹی کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران معروف اسکالر شیخ جہاد حمادے نے انہیں بتایا کہ 53 سالہ رابرٹو کارلوس گزشتہ کچھ عرصے سے ان سے رابطے میں تھے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سابق برازیلین اسٹار تقریباً چار ہفتے قبل ان سے ملاقات کے لیے تشریف لائے جہاں انہوں نے باضابطہ طور پر کلمۂ شہادت پڑھ کر اسلام قبول کیا۔

علی شاہین نے سوشل میڈیا پر اس پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے رابرٹو کارلوس کو مبارکباد پیش کی اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے امن، صحت اور خوشحالی کی دعا کی۔ فٹبال کی تاریخ کے عظیم ترین لیفٹ بیکس میں شمار ہونے والے رابرٹو کارلوس نے اپنے سنہری کیریئر کا بڑا حصہ ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ کے ساتھ گزارا اور 2007 میں وہ ترک کلب فنرباغچے کا حصہ بھی بنے تھے۔ تاہم، رابرٹو کارلوس یا ان کے نمائندوں کی جانب سے تاحال اس پیش رفت کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔