6

’پاکستان سے بے پناہ محبت ملی، دل چاہتا ہے اڑ کر وہاں پہنچ جاؤں‘: 80 ویں سالگرہ پر لیجنڈری اداکارہ شبنم کے دل کے جذبات

ڈھاکا: پاکستانی سینما کے سنہری دور پر دہائیوں تک راج کرنے والی سدا بہار اور لیجنڈری اداکارہ شبنم نے اپنی 80 ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان اور اپنے چاہنے والوں کے لیے گہری محبت اور جذباتی وابستگی کا اظہار کیا ہے۔

ڈھاکا سے گفتگو کرتے ہوئے شبنم نے بتایا کہ سالگرہ کے موقع پر انہیں دنیا بھر سے مداحوں کے تہنیتی پیغامات موصول ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام سے انہیں جو بے مثال پیار ملا اس کی مثال نہیں ملتی، اور مداحوں کی اس سے بڑی محبت کیا ہو سکتی ہے کہ لوگوں نے اپنی بیٹیوں کے نام ان کے نام پر رکھے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پاکستان کے دن شدت سے یاد آتے ہیں اور دل چاہتا ہے کہ ہوا میں اڑتی ہوئی پاکستان پہنچ جائیں۔

شبنم نے یاد ماضی تازہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے دور کے تمام نامور ہیروز کے ساتھ کام کیا، تاہم لیجنڈ اداکار ندیم کے ساتھ ان کی جوڑی کو مداحوں نے سب سے زیادہ پسند کیا جو آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہے۔ واضح رہے کہ شبنم نے اپنے طویل فلمی کیریئر کے دوران 160 فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، جن میں 152 اردو، 14 بنگالی اور 4 پنجابی فلمیں شامل ہیں۔