حکومت خیبرپختونخوا نے صوبے کے معذور افراد کی مالی خودمختاری اور سماجی بحالی کے لیے احساس امید کارڈ، بلا سود قرضہ اسکیم اور احساس اسکالرشپ پروگرام کے اجرا کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سماجی بہبود، زکوٰۃ و عشر ملک لیاقت علی خان نے صوابی میں معذور افراد کے لیے منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ احساس امید کارڈ پروگرام کا باقاعدہ افتتاح رواں ہفتے کیا جائے گا۔ اس پروگرام کے تحت صوبے کے 10 ہزار مستحق معذور افراد کو ماہانہ 5 ہزار روپے وظیفہ فراہم کیا جائے گا۔
مشیر سماجی بہبود نے واضح کیا کہ معذور افراد کو معاشی اعتبار سے اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے 50 کروڑ روپے کے فنڈ سے بلاسود قرضہ اسکیم بھی شروع کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے اعلان کیا کہ یتیموں اور بیواؤں کی کفالت کے لیے بھی اسی طرز کا خصوصی کارڈ متعارف کرایا جا رہا ہے جس کے ذریعے اہل مستحقین کو 5 ہزار روپے ماہانہ مالی امداد دی جائے گی۔









