9

نورین نیازی کی اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات، صحت اور عدالتی احکامات کے حوالے سے تبادلہ خیال

راولپنڈی: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے ان کی ہمشیرہ نورین نیازی نے اڈیالہ جیل کے کانفرنس روم میں ملاقات کی، جو تقریباً 45 منٹ تک جاری رہی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی کی صحت اور دیگر اہم امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر نورین نیازی نے عمران خان کو سپریم کورٹ کی جانب سے انہیں شفا اسپتال منتقل کرنے کے فیصلے اور احکامات سے بھی آگاہ کیا۔

ملاقات کے بعد نورین نیازی ڈاہگل ناکے پر پہنچیں جہاں انہوں نے میڈیا سے تفصیلی گفتگو سے گریز کیا اور صرف ملاقات کی تصدیق کی۔ بعد ازاں وہ علیمہ خان اور عظمیٰ خان کے ہمراہ روانہ ہو گئیں۔

یاد رہے کہ عدالتِ عظمیٰ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو آئندہ سماعت تک سخت سکیورٹی میں شفا اسپتال منتقل کرنے اور ان کے معائنے کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم جاری کیا ہے، جبکہ اسپتال کے گرد و پیش امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔