2

روس پاکستان تعلقات مختلف شعبوں میں کامیابی سے آگے بڑھ رہے ہیں، روسی صدر

روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

روسی صدر نے اپنے تہنیتی پیغام میں پاکستانی عوام کیلئے امن، خوشحالی اور کامیابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ روس اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعاون اور علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششوں نے اہم نتائج حاصل کیے ہیں۔

ولادیمیر پیوٹن کا کہنا تھا کہ روس اور پاکستان کے تعلقات دوستانہ بنیادوں پر کامیابی سے فروغ پا رہے ہیں اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے ساتھ علاقائی اور عالمی مسائل پر بھی مل کر کام کر رہے ہیں۔

روسی صدر نے انسداد دہشتگردی اور افغانستان سے متعلق امور سمیت مختلف علاقائی معاملات میں پاکستان کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ روس اور پاکستان عالمی سطح پر اہم معاملات پر تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔

پیوٹن نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک اپنے عوام کے مفاد میں دوطرفہ شراکت داری کے تمام شعبوں کو مزید مضبوط بنائیں گے۔

ان کے مطابق سیاسی، تجارتی، اقتصادی، انسانی اور دیگر شعبوں میں روس اور پاکستان کے درمیان نتیجہ خیز تعاون جاری ہے، جسے مستقبل میں مزید وسعت دی جاسکتی ہے۔

واضح رہے کہ روس اور پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم سمیت مختلف کثیرالجہتی فورمز پر بھی ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان عالمی ایجنڈے کے کئی اہم معاملات پر مؤقف میں ہم آہنگی بھی پائی جاتی ہے۔

روسی صدر کے پیغام میں پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور باہمی تعاون کو آگے بڑھانے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا ہے۔