1

پیٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز مارجن میں 1 روپے 34 پیسے اضافہ

اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پیٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز مارجن میں 1 روپے 34 پیسے فی لیٹر اضافے کی منظوری دے دی۔

وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں پیٹرول اور ڈیزل کے ڈیلرز مارجن میں اضافے کی منظوری دی گئی۔

فیصلے کے بعد پیٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز مارجن 8 روپے 64 پیسے سے بڑھ کر 9 روپے 98 پیسے فی لیٹر ہوگیا ہے۔

آل پاکستان پیٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نعمان بٹ نے ای سی سی کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم اور وزیر پیٹرولیم کا شکریہ ادا کیا۔

نعمان بٹ نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز مارجن میں 1 روپے 34 پیسے فی لیٹر اضافہ کرکے حکومت نے پیٹرول پمپ مالکان کا دیرینہ مطالبہ پورا کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مارجن میں اضافے سے پیٹرولیم ڈیلرز کو درپیش مالی مشکلات میں کمی آئے گی اور کاروباری معاملات کو بہتر انداز میں چلانے میں مدد ملے گی۔

ای سی سی کے فیصلے کے بعد پیٹرول اور ڈیزل کے ڈیلرز مارجن میں اضافہ نافذ العمل ہوگا، تاہم صارفین کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی حتمی قیمتوں کا تعین دیگر متعلقہ عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔