خیبر پختونخوا کے تاریخی اور ثقافتی ورثے کے لیے ایک بڑی اور شاندار کامیابی کے تحت صوبے کے مزید چار اہم اور قدیم تاریخی مقامات کو اقوامِ متحدہ کے تعلیمی، سائنسی و ثقافتی ادارے (یونیسکو) کی ورلڈ ہیریٹیج ٹینٹیٹو لسٹ میں باضابطہ طور پر شامل کر لیا گیا ہے۔
محکمہ آثارِ قدیمہ خیبرپختونخوا کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عبدالصمد نے تفصیلات بتاتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ یونیسکو کی اس معتبر فہرست میں پشاور کا تاریخی "سیٹھی ہاؤس"، پشاور ہی کا قدیم "گور گھٹڑی آثارِ قدیمہ کمپلیکس"، ہری پور کا "بھامالا بدھ مت کمپلیکس" اور وادی سوات کا تاریخی مقام "بزیرا باریکوٹ" شامل کیے گئے ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل آثارِ قدیمہ کے مطابق ان چاروں نادر اور تاریخی مقامات کو باقاعدہ جائزے کے بعد 11 مئی 2026 کو یونیسکو کی ٹینٹیٹو لسٹ کا حصہ بنایا گیا۔ انہوں نے اس پیش رفت کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر اس فہرست میں شمولیت سے صوبے کے زرخیز ثقافتی و تاریخی ورثے کو عالمی شناخت ملے گی اور دنیا بھر میں خیبرپختونخوا کے مثبت اور پرامن تشخص کو فروغ حاصل ہوگا۔
ڈی جی عبدالصمد نے مزید کہا کہ اس اہم پیش رفت سے ان تاریخی اور نوادراتی مقامات کے مؤثر تحفظ، بحالی اور عالمی سطح پر سیاحت کے فروغ میں غیر معمولی مدد ملے گی۔









