1

اسپیکر ایاز صادق کی بیرسٹر گوہر کی رہائش گاہ آمد، والدہ کے انتقال پر تعزیت

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں انہوں نے ان کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی نے مرحومہ کے ایصالِ ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اور بیرسٹر گوہر علی خان سمیت ان کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

سردار ایاز صادق نے مرحومہ کیلئے دعائے مغفرت اور درجات کی بلندی جبکہ سوگوار خاندان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ والدین کا بچھڑ جانا انسان کی زندگی کا ناقابلِ تلافی نقصان اور عظیم صدمہ ہوتا ہے، جبکہ ماں کا سایہ سر سے اٹھ جانا ایسا دکھ ہے جسے الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ والدین کی محبت اور شفقت کا دنیا میں کوئی نعم البدل نہیں، ان کی جدائی ہمیشہ ایک گہرا خلا چھوڑ جاتی ہے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ بیرسٹر گوہر علی خان اور ان کا خاندان جس غم سے گزر رہا ہے، وہ اس مشکل گھڑی میں ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے مرحومہ کی مغفرت اور بلندیِ درجات کیلئے دعا کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی خان اور تمام اہلخانہ کیلئے صبر و استقامت کی دعا بھی کی۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مشکل وقت میں عزیز و اقارب اور دوستوں کا ساتھ غم بانٹنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، جبکہ انہوں نے غمزدہ خاندان کیلئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔