وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ افغانستان کی سرزمین مسلسل پاکستان میں دہشتگردی کیلئے استعمال ہو رہی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ سے ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایدے نے ملاقات کی، جس میں انسداد دہشتگردی، غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام، پولیس ٹریننگ اور باہمی قانونی معاونت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران افغانستان کی صورتحال اور وہاں موجود کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین مسلسل پاکستان میں دہشتگردی کیلئے استعمال ہو رہی ہے اور اس صورتحال کا تدارک ضروری ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا اور دہشتگردی کے درمیان دیوار بن کر کھڑا ہے، جبکہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے عالمی برادری کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
ملاقات میں انسداد دہشتگردی کے شعبے میں تعاون مزید بڑھانے، غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام اور پولیس کی تربیت کے حوالے سے بھی امور زیر بحث آئے۔
دونوں جانب سے باہمی قانونی معاونت اور سیکیورٹی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردی ایک عالمی مسئلہ ہے جس سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششوں اور باہمی تعاون کی ضرورت ہے۔









