خیبر پختونخوا کے ضلع دیر بالا میں مقامی امن کمیٹی کے ارکان نے جرات و بہادری کی نئی مثال قائم کرتے ہوئے دوبندو چیک پوسٹ پر عسکریت پسندوں کے محاصرے میں پھنسے تمام 17 پولیس اہلکاروں کو بحفاظت ریسکیو کر لیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق پولیس اہلکار گزشتہ 48 گھنٹوں سے دوبندو چیک پوسٹ پر عسکریت پسندوں کے شدید محاصرے میں پھنسے ہوئے تھے اور اس دوران انہوں نے حکام سے متعدد بار ہنگامی مدد کی اپیلیں کی تھیں۔ رپورٹس کے مطابق سرکاری سیکیورٹی فورسز کے بروقت نہ پہنچنے پر مقامی عوامی امن کمیٹی کے غیور ارکان نے خود آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا۔
امن کمیٹی کے ارکان نے تمام تر خطرات کے باوجود فوری کارروائی کرتے ہوئے دوبندو چیک پوسٹ کا رخ کیا اور کامیاب حکمتِ عملی کے ذریعے محصور 17 پولیس اہلکاروں کو بحفاظت گھیراؤ سے نکال لیا۔ بعد ازاں تمام اہلکاروں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا جہاں سے وہ خیر و عافیت کے ساتھ اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہو گئے۔ مقامی عمائدین اور شہریوں نے امن کمیٹی کے اس بروقت اور جرات مندانہ اقدام کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔









