آسٹریلیا کے اسٹار بیٹر اسٹیو اسمتھ نے ٹیسٹ کرکٹ میں شاندار اعزاز اپنے نام کرتے ہوئے سب سے زیادہ ٹیسٹ کیچز لینے کا عالمی ریکارڈ برابر کردیا۔
بنگلادیش کے خلاف ڈارون میں جاری پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز اسٹیو اسمتھ نے 3 کیچز پکڑے، جس کے بعد ان کے ٹیسٹ کیچز کی تعداد 218 ہوگئی۔
اسٹیو اسمتھ نے یہ اعزاز اپنے 124ویں ٹیسٹ میچ میں حاصل کیا، جبکہ انگلینڈ کے جو روٹ نے 166 ٹیسٹ میچز میں 218 کیچز پکڑ رکھے ہیں۔
یوں اسٹیو اسمتھ اور جو روٹ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ کیچز لینے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں مشترکہ طور پر سرفہرست آگئے ہیں۔
اس فہرست میں بھارت کے سابق کپتان اور کوچ راہول ڈریوڈ 210 کیچز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں، جبکہ سری لنکا کے سابق کپتان مہیلا جے وردنے نے 149 ٹیسٹ میچز میں 205 کیچز پکڑے۔
جنوبی افریقا کے سابق آل راؤنڈر جیک کیلس 200 کیچز کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر موجود ہیں۔
اب ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ کیچز کے عالمی ریکارڈ پر اسٹیو اسمتھ اور جو روٹ کے درمیان دلچسپ مقابلہ جاری ہے، جبکہ اسمتھ کے پاس کم ٹیسٹ میچز میں یہ سنگ میل عبور کرنے کا منفرد اعزاز بھی موجود ہے۔
آسٹریلوی ٹیم بنگلادیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں مصروف ہے، جبکہ انگلینڈ کی ٹیم 19 اگست سے پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آغاز کرے گی۔









