جنوبی کوریا میں ریکارڈ توڑ گرمی نے زرعی شعبے کو شدید متاثر کردیا، ملک کے شمال مشرقی صوبے گانگ وون میں آلو اور گوبھی کی بڑی مقدار شدید گرمی کے باعث تباہ ہوگئی۔
مقامی میڈیا کے مطابق یانگ گو کاؤنٹی کے ہائیان علاقے میں کسانوں نے جب آلو کی فصل زمین سے نکالی تو بڑی تعداد میں آلو نرم اور ناقابلِ استعمال حالت میں پائے گئے، حالانکہ صرف ایک ہفتہ قبل فصل بظاہر بالکل ٹھیک تھی۔
تقریباً 40 سال سے کاشت کاری کرنے والے ایک مقامی کسان نے بتایا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں اس طرح کی صورتحال کبھی نہیں دیکھی۔ ان کے مطابق شدید گرمی سے ہونے والا نقصان کسی ایک یا دو کھیتوں تک محدود نہیں بلکہ بڑے پیمانے پر فصلیں متاثر ہوئی ہیں۔
شدید گرمی کے باعث قریبی علاقوں میں گوبھی کی فصل کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔ کسان بہتر قیمت ملنے کی امید میں فصل کی کٹائی مؤخر کرتے رہے، تاہم درجہ حرارت میں مسلسل اضافے کے باعث گوبھی کھیتوں ہی میں جھلس کر خراب ہوگئی۔
کسانوں کے مطابق تباہ ہونے والی گوبھی کی مالیت کروڑوں وون بنتی ہے، جس کے باعث انہیں بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
ماہرین اور مقامی کسانوں کے مطابق یہ صورتحال اس بات کی سنگین مثال ہے کہ بڑھتی ہوئی شدید گرمی کس طرح زرعی پیداوار اور کسانوں کی آمدنی کو متاثر کر رہی ہے۔
جنوبی کوریا میں شدید گرمی کے باعث فصلوں کو پہنچنے والا حالیہ نقصان زرعی شعبے کیلئے ایک بڑا چیلنج بن کر سامنے آیا ہے۔









