1

کراچی: جشنِ آزادی پر ہوائی فائرنگ سے 95 افراد زخمی

شہر قائد میں جشن آزادی کے موقع پر ہونے والی ہوائی فائرنگ نے خوشی کے موقع کو سوگ میں بدل دیا، مختلف علاقوں میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولیوں کی زد میں آکر خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ 95 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب پی آئی بی کالونی کے علاقے یونیورسٹی روڈ، پرانی سبزی منڈی کے قریب ایک ہوٹل میں دوستوں کے ساتھ بیٹھے 42 سالہ محراب ولد محمد خان کو نامعلوم سمت سے آنے والی گولی سینے میں لگی۔

محراب کو شدید زخمی حالت میں فوری طور پر نجی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔ پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی اور واقعے کا مقدمہ مقتول کے بھائی کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا۔

دوسری جانب جوہر آباد کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں 25 سالہ شایان، درخشاں کے علاقے سی ویو کے قریب 30 سالہ علی احمد جبکہ سچل کے علاقے رند گوٹھ میں 18 سالہ عبدالجبار بھی نامعلوم سمت سے آنے والی گولیوں کا نشانہ بنے۔

پولیس کے مطابق تینوں زخمیوں کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ واقعات کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

ہوائی فائرنگ میں 41 ملزمان گرفتار

کراچی پولیس نے جشن آزادی کے موقع پر ہوائی فائرنگ میں ملوث 41 ملزمان کو گرفتار کرنے اور ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پولیس کے مطابق ضلع شرقی میں سائٹ سپر ہائی وے، سچل، گلستان جوہر اور گلشن اقبال کے علاقوں سے 10 ملزمان گرفتار کیے گئے۔

ضلع غربی کے اورنگی ٹاؤن میں کارروائی کے دوران 7، ضلع وسطی میں 16 جبکہ ضلع کورنگی میں ہوائی فائرنگ میں ملوث 8 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جشن آزادی کے موقع پر ہوائی فائرنگ کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔