آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 16 باغ 3 اور ایل اے 15 باغ 2 کے مجموعی طور پر 23 پولنگ اسٹیشنز پر کل دوبارہ پولنگ ہوگی، جس کیلئے انتخابی عملے اور سیکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی سمیت تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق ایل اے 16 باغ 3 کے 14 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ ہوگی، جہاں مجموعی طور پر 7 ہزار 238 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں گے۔
دوبارہ پولنگ کیلئے تمام ضروری انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں جبکہ پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی عملہ اور سیکیورٹی اہلکار تعینات کردیئے گئے ہیں۔
اسی طرح حلقہ ایل اے 15 باغ 2 کے 9 پولنگ اسٹیشنز پر بھی دوبارہ پولنگ ہوگی، جہاں مجموعی طور پر 5 ہزار 32 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔
حکام کے مطابق دونوں حلقوں میں پولنگ کا عمل پرامن، شفاف اور منظم انداز میں مکمل کرنے کیلئے ضروری انتظامات کئے گئے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ دونوں حلقوں کے متعلقہ پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی عملہ اور سیکیورٹی اہلکار پہنچ چکے ہیں، جبکہ انتخابی عمل کی نگرانی اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے بھی اقدامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ دوبارہ پولنگ کے دوران ووٹرز کو حق رائے دہی استعمال کرنے کیلئے تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
انتظامیہ کے مطابق پولنگ کے عمل کو شفاف رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے سیکیورٹی انتظامات پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔









