2

واٹس ایپ پر آن لائن فراڈ کا خاتمہ: میٹا کا اسکامز سے تحفظ کے لیے نیا اے آئی فیچر متعارف کرانے کا فیصلہ

معروف میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ  نے اپنے صارفین کو آن لائن فراڈ، مالی دھوکہ دہی اور جعلی پیغامات سے محفوظ رکھنے کے لیے آرٹیفیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی پر مبنی ایک جدید ترین فیچر متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

تکنیکی رپورٹ کے مطابق اس نئے ’اسکام ڈیٹیکشن‘  فیچر کا بنیادی مقصد مشتبہ اور دھوکہ دہی پر مبنی چیٹس کی فوری شناخت کرنا ہے۔ یہ فیچر اسمارٹ فون کے اندر موجود جدید مشین لرننگ ماڈل (آن ڈیوائس اے آئی) کے ذریعے کام کرے گا، جس سے صارفین کی گفتگو اور پیغامات کو اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا مکمل تحفظ حاصل رہے گا اور میٹا سمیت کسی بھی تیسرے فریق کو میسجز تک رسائی حاصل نہیں ہوگی۔

یہ اے آئی سسٹم ایسے ناپسندیدہ اور نامعلوم پیغامات کا تجزیہ کرے گا جن کے نمبرز صارف کے فون میں محفوظ نہیں ہوں گے۔ گفتگو کے انداز، مواد اور زبان کو جانچنے کے بعد اگر سسٹم کسی چیٹ کو مشتبہ پاتا ہے تو صارف کی اسکرین پر فوری طور پر ایک انتباہی الرٹ  ظاہر ہو جائے گا، جس کی خبر پیغام بھیجنے والے کو بالکل نہیں ہوگی۔

وارننگ سامنے آنے پر صارف کو اختیار حاصل ہوگا کہ وہ متعلقہ نمبر کو بلاک یا رپورٹ کرے، یا پھر اسے ’ٹرسٹڈ‘ (قابلِ اعتماد) قرار دے کر گفتگو جاری رکھے۔ کسی چیٹ کو ٹرسٹڈ قرار دیے جانے کے بعد واٹس ایپ اس نمبر کے لیے اسکام الرٹس دکھانا بند کر دے گا۔