5

ربیع الاول کا چاند نظر آئے گا یا نہیں؟ رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جاری

ربیع الاول کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں جاری ہے، جس کی صدارت مولانا ڈاکٹر عبدالخبیر آزاد کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق جشن آزادی کے موقع پر سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ارکان کوہسار کمپلیکس کی چھت پر نہیں جاسکے۔ ماہرین فلکیات اور میڈیا کے کیمروں کو بھی چھت پر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔

وزارت مذہبی امور کی چھت پر جانے کی اجازت نہ ملنے کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ارکان کمیٹی روم میں بیٹھ گئے ہیں۔

ادھر ملک کے مختلف علاقوں میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی متعلقہ زونز میں جاری ہیں، جہاں چاند دیکھنے کی شہادتیں جمع کی جا رہی ہیں۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی چاند نظر آنے یا نہ آنے کا حتمی اعلان زونل رویت ہلال کمیٹیوں سے موصول ہونے والی شہادتوں کی بنیاد پر کرے گی۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں موسم اور دیگر عوامل کے باعث ربیع الاول کا چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں، تاہم حتمی فیصلہ موصول ہونے والی شہادتوں اور شواہد کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔

شہادتیں موصول ہونے اور تمام متعلقہ امور کا جائزہ مکمل ہونے کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے ربیع الاول کے چاند کے حوالے سے باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔