12

لاہور ہائیکورٹ کے 10 نامزد ایڈیشنل ججز کی حلف برداری، چیف جسٹس عالیہ نیلم نے حلف لیا

لاہور (نیوز ڈیسک) — لاہور ہائیکورٹ کے 10 نئے نامزد ایڈیشنل ججز نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا ہے۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے نئے تعینات ہونے والے ججز سے حلف لیا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔

حلف برداری کی پروقار تقریب میں ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس عابد عزیز شیخ، جسٹس سید شہباز علی رضوی، جسٹس چوہدری محمد اقبال، جسٹس محمد رضا قریشی، اور جسٹس محمد وحید خان سمیت ایڈووکیٹ جنرل پنجاب بیرسٹر ظفر اللہ خان، پراسیکیوٹر جنرل عرفان صادق تارڑ، ایڈیشنل اٹارنی جنرل ملک جاوید اعوان، وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل، اور صدر لاہور ہائیکورٹ بار بابر مرتضیٰ سمیت وکلا اور ججز کے اہل خانہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

حلف اٹھانے والے ایڈیشنل ججز میں جسٹس غلام سرور نہنگ، جسٹس محمد اجمل خان زاہد، جسٹس امیر عجم ملک، جسٹس شیریں عمران، جسٹس اسد علی باجوہ، جسٹس محمد امجد پرویز، جسٹس خالد بن عزیز، جسٹس منور اقبال دوگل، جسٹس سید فرہاد علی شاہ اور جسٹس عثمان غنی راشد چیمہ شامل ہیں۔ علاوہ ازیں جسٹس طارق محمود باجوہ نے بھی مستقل جج کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔ ان 10 ججز کی حلف برداری کے بعد لاہور ہائیکورٹ میں ججز کی کل تعداد بڑھ کر 50 ہو گئی ہے جبکہ خالی آسامیوں کی تعداد کم ہو کر 10 رہ گئی ہے۔