10

گورنر ہاؤس پشاور میں اقلیتوں کے قومی دن پر تقریب: گورنر فیصل کریم کنڈی کا اقلیتی برادری کی قربانیوں کو خراجِ تحسین

پشاور (نیوز ڈیسک) — اقلیتوں کے قومی دن (11 اگست) کے موقع پر گورنر ہاؤس پشاور میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس کے مہمانِ خصوصی گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی تھے۔ پاکستان پیپلز پارٹی اقلیتی ونگ کے زیرِ اہتمام منعقدہ اس تقریب میں رکن قومی اسمبلی جیمز اقبال، اراکین صوبائی اسمبلی بہاری لال، گرپال سنگھ، عسکر پرویز، سریش کمار اور پی پی پی اقلیتی ونگ کے رہنما یوسف جارج سمیت اقلیتی برادری کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے 11 اگست کو اقلیتوں کا قومی دن قرار دے کر انہیں اپنائیت کا پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ 1973ء کا آئین تمام اقلیتوں کو مکمل تحفظ فراہم کرتا ہے اور اقلیتی برادری کی عبادت گاہوں اور ان کے جان و مال کی حفاظت کرنا بحیثیت قوم ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ایڈورڈز کالج پشاور کے معاملے پر اراکینِ اسمبلی سے اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔ تقریب سے خطاب میں اقلیتی اراکینِ اسمبلی نے ریاستِ پاکستان، سیکیورٹی اداروں اور افواجِ پاکستان کی جانب سے مسلسل تحفظ اور مذہبی آزادی کی فراہمی پر فخر و اطمینان کا اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر شیلڈز اور ایوارڈز بھی تقسیم کیے گئے۔