10

انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں کمی،اوپن مارکیٹ میں قیمت مستحکم

کاروباری ہفتے کے پہلے روز انٹربینک میں امریکی ڈالر کی قدر میں معمولی کمی ہوئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت مستحکم رہی۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق انٹربینک میں ڈالر 3 پیسے سستا ہوکر 277.67 روپے پر بند ہوا، گزشتہ کاروباری روز امریکی کرنسی کی قیمت 277.70 روپے تھی۔

اوپن مارکیٹ میں ڈالر 279.61 روپے پر برقرار رہا، جبکہ یو اے ای درہم بھی 76.48 روپے کی سطح پر مستحکم رہا۔

دوسری جانب یورو کی قیمت 26 پیسے کمی کے بعد 323.72 روپے ہوگئی، سعودی ریال 2 پیسے کمی سے 74.71 روپے جبکہ برطانوی پاؤنڈ 45 پیسے اضافے کے بعد 378.56 روپے پر پہنچ گیا۔

ادھر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے دوران شدید مندی دیکھی گئی۔ ہنڈریڈ انڈیکس 1463 پوائنٹس کی کمی کے بعد 179,846 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

کاروبار کے دوران ہنڈریڈ انڈیکس 181,017 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک گیا، تاہم فروخت کے دباؤ کے باعث انڈیکس 179,778 پوائنٹس کی کم ترین سطح تک بھی پہنچا۔

ماہرین کے مطابق منافع کے حصول اور بڑے پیمانے پر فروخت کے باعث مارکیٹ میں مندی غالب رہی۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کی امیدیں کم ہونے سے بھی سرمایہ کاروں کے اعتماد پر دباؤ آیا۔

یوں کاروباری ہفتے کے پہلے روز کرنسی مارکیٹ میں معمولی استحکام جبکہ اسٹاک مارکیٹ میں نمایاں مندی دیکھنے میں آئی۔