چارسدہ (نامہ نگار) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) چارسدہ رفعت اللہ خان کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ و شرپسند عناصر کے خلاف سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کا سلسلہ تیز کر دیا گیا ہے۔
اسی سلسلے میں ڈی ایس پی شبقدر عبدالرشید خان کی قیادت میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے تھانہ شبقدر کے حساس مقامات پر مشترکہ سرچ اینڈ سرچ آپریشن انجام دیا۔ اس آپریشن میں سرکل کے ایس ایچ اوز، پاک آرمی، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)، اسپیشل برانچ، ڈی ایس بی، کوئیک رسپانس فورس، ریپڈ رسپانس فورس، لیڈی پولیس اور دیگر افوج و سیکیورٹی اداروں کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران مشکوک ٹھکانوں اور گڑھ پر چھاپے مار کر 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، جن کے قبضے سے ایک ریپیٹر، ایک رائفل، 4 پستول اور 200 عدد کارتوس برآمد کیے گئے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانے میں مقدمات درج کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی اور مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔









