8

بھارت: سوشل میڈیا ریلز بنانے پر شوہر نے بیوی کو قتل کردیا

بھارت کے شہر بنگلورو میں گھریلو جھگڑے کے دوران 24 سالہ شخص نے اپنی بیوی کو مبینہ طور پر گلا دبا کر قتل کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ 25 جولائی کو بنگلورو کے علاقے کمبالگوڈو میں پیش آیا، جہاں دھیرج کمار نے اپنی بیوی ریما کماری کو مبینہ طور پر قتل کیا۔

پولیس کے مطابق واردات کے بعد ملزم اپنی آبائی ریاست بہار فرار ہوگیا تھا۔ واقعے کی اطلاع مکان مالک کی جانب سے پولیس کو دی گئی، جس کے بعد کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دوران تفتیش ملزم نے جرم کا اعتراف کیا۔ ملزم کے مطابق اس نے تقریباً 10 ماہ قبل ریما کماری سے پسند کی شادی کی تھی اور دونوں ریما کے اہلخانہ کو بتائے بغیر بنگلورو منتقل ہوگئے تھے۔

پولیس کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش دعویٰ کیا کہ بنگلورو منتقل ہونے کے بعد ریما کی اس میں دلچسپی کم ہوگئی تھی اور وہ زیادہ وقت سوشل میڈیا پر ریلز بنانے میں گزارتی تھی۔ ملزم کے مطابق کھانا بنانے کے معاملے پر بھی دونوں کے درمیان اکثر جھگڑا ہوتا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے دعویٰ کیا کہ ایک جھگڑے کے دوران اس نے ریما کا دوپٹے سے گلا دبا دیا، جس سے اس کی موت ہوگئی۔ بعد ازاں ملزم نے لاش کو چادر میں لپیٹا اور موقع سے فرار ہوگیا۔

پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ قتل کے محرکات اور دیگر شواہد کا جائزہ لیا جارہا ہے۔