5

یمن میں حوثیوں کے خلاف بڑا فوجی آپریشن، متعدد ٹھکانے تباہ

یمنی حکومتی فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوب مغربی صوبے عدالی میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر ڈرون حملے کیے گئے، جن کے نتیجے میں بھاری جانی نقصان ہوا اور فوجی سازوسامان تباہ کردیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق صدارتی لیڈرشپ کونسل کے رکن عبدالرحمان المحرامی کی سربراہی میں جنوبی مسلح افواج نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ یمنی فورسز نے شمالی عدالی کے باب غلق، الفخر اور مارس کے محاذوں پر حوثیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

بیان کے مطابق حملوں میں حوثیوں کی فوجی بیرکوں، خندقوں، سرنگوں اور فوجی اہلکاروں کے ٹھکانوں کے علاوہ فوجی گاڑیوں اور دیگر آلات کو بھی نقصان پہنچا۔

یمنی فورسز کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں حوثی جنگجوؤں کی نقل و حرکت اور اگلے مورچوں پر کمک پہنچانے کے جواب میں کی گئیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ حملوں کا مقصد عدالی میں حوثیوں کی ایسی سرگرمیوں کا مقابلہ کرنا تھا جو یمنی فورسز کی پوزیشنوں کیلئے خطرہ بن سکتی ہیں۔

دوسری جانب حوثیوں کی جانب سے یمنی فورسز کے ان دعوؤں پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔