7

غزہ میں تباہ شدہ عمارت کے ملبے سے 19 فلسطینیوں کی لاشیں برآمد

غزہ سول ڈیفنس کی خصوصی ریسکیو ٹیموں نے مغربی غزہ شہر میں ایک تباہ شدہ رہائشی عمارت کے ملبے سے 19 فلسطینیوں کی لاشیں اور باقیات برآمد کرلی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ریسکیو ٹیموں نے محدود وسائل اور سامان کی شدید قلت کے باوجود لاشوں کی بازیابی کے منصوبے کے دوسرے مرحلے کے تحت کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔

سول ڈیفنس کے مطابق مغربی غزہ شہر کی السینا اسٹریٹ پر واقع کرم رہائشی عمارت میں چار روز تک تلاش اور بازیابی کا آپریشن جاری رہا، جس کے دوران اسرائیلی حملے میں تباہ ہونے والی عمارت کے ملبے سے 19 فلسطینیوں کی باقیات نکالی گئیں۔

باڈی ریکوری پراجیکٹ کے ایگزیکٹو سپروائزر محمد ابو دان نے بتایا کہ مخصوص مقام پر تلاشی کا عمل مکمل ہونے کے بعد ٹیمیں غزہ شہر کے دوسرے علاقے میں منتقل ہوگئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جاری منصوبے کے دوسرے مرحلے میں مزید مقامات پر بازیابی کی کارروائیاں شروع کی جائیں گی۔ حکام نے یہ منصوبہ 19 جولائی کو شروع کیا تھا، جس کے تحت غزہ میں تباہ شدہ 147 گھروں کے ملبے تلے موجود تقریباً 1,072 لاشوں کی تلاش کی جا رہی ہے۔

غزہ سول ڈیفنس کے ترجمان محمود بسال کے مطابق ریسکیو ٹیمیں انتہائی محدود وسائل کے ساتھ کام کر رہی ہیں، جن میں ایک کھدائی کرنے والی مشین، ایک بلڈوزر اور ایک ٹرک شامل ہے، جبکہ انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس بھی معاونت فراہم کر رہی ہے۔