4

امریکا ایران جنگ بندی معاہدہ جلد متوقع ہے، امریکی وزیر خزانہ

امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جلد ایک معاہدہ طے پانے کا امکان ہے، جس کے تحت 30 سے 60 روز کی جنگ بندی کی جا سکتی ہے۔

اسکاٹ بیسنٹ کے مطابق مجوزہ معاہدے میں جنگ بندی کے ساتھ آبنائے ہرمز کو کھولنے کی شرط بھی شامل ہوگی، جس سے خطے میں کشیدگی کم ہونے اور عالمی توانائی مارکیٹ میں بہتری کی امید ہے۔

امریکی وزیر خزانہ نے کہا کہ معاہدہ ہونے کی صورت میں دونوں ممالک کو مزید مذاکرات اور معاملات کو آگے بڑھانے کا موقع ملے گا۔

انہوں نے آبنائے ہرمز کی بحالی کو مجوزہ معاہدے کا اہم حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ عالمی توانائی کی ترسیل کا ایک اہم راستہ ہے، جس میں رکاوٹ سے تیل اور توانائی کی قیمتوں پر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

اسکاٹ بیسنٹ کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں توانائی کی قیمتوں میں کمی آنی چاہیے، جبکہ امریکا ایران معاہدہ خطے میں استحکام لانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ جنگ بندی، آبنائے ہرمز کی بحالی اور سفارتی پیش رفت سے عالمی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال کم ہوگی۔